پلوامہ حملہ: مہلوکین کی تعداد 49 ہوگئی

,

   

سری نگر15فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو ہلاکت خیز خودکش آئی ای ڈی دھماکہ میں زخمی مزید 5سی آر پی ایف اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 49 ہوگئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ملٹری اسپتال میں زیر علاج مزید پانچ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ اس ہلاکت خیز خودکش بم دھماکہ کے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 49 ہوگئی ہے ۔ اسپتال میں ہنوز زیر علاج اہلکاروں کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے ۔مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کا تعلق 76، 45، 176، 115 ، 92، 82، 75، 61، 35، 21، 98 اور 118 بٹالین سے ہے ۔ مہلوک اہلکاروں میں کم از کم 10 ہیڈ کانسٹیبل جبکہ باقی کانسٹیبل تھے ۔پلوامہ حملہ وادی میں 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی مسلح شورش کے دوران اپنی نوعیت کا سب سے بڑاخودکش حملہ ہے ۔