سری نگر : قومی تحقیقاتی ایجنسی نے سنجواں حملے کے ایک کلیدی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایجنسی نے عابد احمد میر ولد مشتاق احمد میر ساکن پتری گام پلوامہ کو گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 22اپریل 2022 کو سنجواں جموں میں تلاشی آپریشن کے دوران نامعلوم جنگجووں نے فائرنگ کی جس دوران سی آئی ایس ایف کا ایک اہلکار موقع پر ہی از جان ہوا جبکہ مزید کئی اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو فدائین مارے گئے جن کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بہو فوٹ جموں میں ایف آئی آر زیر نمبر 115کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔این آئی اے ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ عابد احمد میر گرفتار نوجوان بلال احمد وگے کا قریبی ساتھی رہا ہے ۔