چندی گڑھ: پنجاب کے ضلع مکتسر میں منگل کی دوپہر مکتسر کوٹکپورہ روڈ پر مسافروں سے بھری بس نہر میں گر گئی۔ یہ بس مکتسر سے کوٹکپورہ جا رہی تھی۔ حادثہ نہر کے پل کے لوہے کے اینگل سے بس کے ٹکرانے کے بعد پیش آیا۔ جس کی وجہ سے بس کا آدھا حصہ نہر میں جبکہ باقی آدھا ہوا میں معلق رہا۔ اس حادثہ میں اب تک 9 مسافروں کی موت ہو چکی ہے جبکہ کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ مہلوکین میں سے پانچ کی شناخت ہو گئی ہے۔ وہ مکتسر، فاضلکا، فرید کوٹ اور بھٹنڈہ کے رہائشی ہیں۔ 3 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کو اب تک 11 زخمی مل چکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق بس میں 35 کے قریب مسافر سوار تھے۔ اب بھی کئی افراد کے نہر میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہاں بارش ہو رہی تھی۔ اس دوران بس ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دی۔ جس کے باعث بس بے قابو ہو کر اینگل سے ٹکرانے کے بعد ریلنگ توڑ کر نہر میں جاگری۔ مکتسر کی ڈی سی روحی دگ نے بتایا کہ 8 افراد کی موت ہوئی ہے۔ زخمی ہونے والے 11 افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ بس تیز رفتاری سے چلی یا بارش کی وجہ سے توازن کھو کر پھسل گئی۔ بچاؤ آپریشن کے لیے این ڈی آر ایف کو طلب کیا گیا۔انتظامیہ نے کنٹرول روم کا نمبر جاری کر دیا۔بس میں سوار مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ انتظامیہ نے لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ اس کا نمبر 01633-262175 ہے۔