موہالی 27 جون (یو این آئی) پنجاب میں اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل (ایس ایس او سی) موہالی نے پاکستان میں قائم آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ ببر خالصہ انٹرنیشنل (بی کے آئی) کے دہشت گرد ماڈیول کا کامیابی سے بے نقاب کیا ہے اور ان کے تین ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک نابالغ بھی شامل ہے ۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے جمعہ کو کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سہج پال سنگھ اور وکرم جیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے ، دونوں امرتسر دیہی کے رامداس کے رہنے والے ہیں، ان کے ساتھ ایک نابالغ بھی ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم، ایک گلک پستول اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس گرفتاری کے ساتھ دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے ، جس سے بے شمار بے گناہ لوگوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔ ڈی جی پی یادو نے کہا کہ اس ماڈیول کو برطانیہ میں مقیم نشان سنگھ اور پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہرویندر رندا چلا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ امرتسر کے علاقے میں پولیس اداروں پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ کرنے کی سازش کر رہا تھا۔