پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے اسکول اگلے حکم تک بند

   

امرتسر، 7 ستمبر (یو این آئی) پنجاب میں امرتسر کی ڈپٹی کمشنر ساکشی ساہنی نے حکم دیا ہے کہ امرتسر کے تمام سرکاری و نجی اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے 8 ستمبر کو بند رہیں گے۔ ساکشی ساہنی نے کہا کہ کل تمام اساتذہ اور انتظامی کمیٹیاں اپنے اسکول کی عمارتوں کا معائنہ کریں گی اور ضلع تعلیمی افسر کو تحریری رپورٹ پیش کریں گی، اگر عمارتیں محفوظ ہیں، تو منگل کے روز بچوں کے لیے اسکول کھول دیے جائیں گے ، جبکہ رامداس، اجنالہ اور لوپوکے کے سیلاب زدہ علاقوں کے اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلا فیصلہ اس علاقے کی اسکول انتظامیہ کمیٹیوں کے اسکولوں تک جانے والی سڑکوں اور عمارتوں کا معائنہ کرنے اور اپنی رپورٹ تعلیمی افسر کے دفتر کو بھیجنے کے بعد کیا جائے گا۔اس موقع پر ضلع تعلیمی افسر راجیش شرما نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے اسکولوں میں پڑھنے والے بچے ضلع کے جس بھی علاقے میں عارضی طور پر رہ رہے ہیں، وہاں جا کر تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسکولوں کو حکم نامے جاری کر دیے گئے ہیں اور ہم ان اسکولوں سے بچوں کی حاضری کی رپورٹ حاصل کریں گے ۔