نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) نے کہا ہے کہ پنجاب پر دہلی کا پانی روکنے کا الزام انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔آپ کے دہلی صوبائی صدر سوربھ بھاردواج نے منگل کو یہاں کہا کہ دہلی والوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی حکومت کے وزراء اب بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر دہلی کا پانی روکنے کا الزام انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ دہلی میں گنگا-جمناسے پانی آتا ہے اور دونوں ندیاں پنجاب سے نہیں بہتی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بہانے بنانا بند کرے اور دہلی والوں کو وافر پانی فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ہریانہ حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتی اس لیے وہ پنجاب پر الزام لگا رہی ہے ، لیکن دہلی والے سب کچھ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج میڈیا میں خبریں شائع ہوئی ہیں کہ حکومت ہند نے پاکستان کا سارا پانی روک دیا ہے ۔ سرکار نے جو پانی پاکستان کا روکا ہے ، اس سے سیلاب آ سکتا ہے ۔ حکومت ہند کو اس پانی کو اٹھا کر دہلی کو دے دینا چاہیے ۔ مسٹرپرویش ورما کچھ بھی بیان بازی کرتے رہتے ہیں۔ پہلے جب ہریانہ دہلی کا پانی روکتا تھا، تو بی جے پی دہلی والوں کا مذاق اڑاتی تھی۔