پنجہ گٹہ روڈ پر آر ٹی سی بس میں پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ

   

اے پی انٹلیجنس سکیورٹی وِنگ کانسٹیبل گرفتار، پستول ضبط، علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد۔ 2 مئی (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ پنجہ گٹہ میں آر ٹی سی بس میں فائرنگ کے واقعہ نے سنسنی پھیلا دی۔ کنٹونمنٹ بس ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس سرویس 47L پنجہ گٹہ ناگرجنا سرکل سے ایل وی پرساد آئی ہاسپٹل کی سمت جارہی تھی کہ پنجہ گٹہ شمشان گھاٹ کے قریب پہنچتے ہی بس کے فٹ بورڈ پر دو افراد کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی اور کچھ ہی دیر میں گولی چلنے کی آواز آنے پر بس ڈرائیور یعقوب باشا نے بس روک دی جبکہ سفاری سوٹ میں ملبوس ایک شخص باہر سے چلتا ہوا اچانک غائب ہوگیا۔ اس واقعہ نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی اور ٹی وی چیانلس پر اس خبر کے عام ہونے تک مقامی پولیس کو کوئی اطلاع نہیں تھی۔ بس کنڈکٹر ایم بھوپتی نے اس سلسلے میں تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی، اسی دوران یہ معلوم ہوا کہ ایک نامعلوم شخص نے مقامی ٹی وی چیانل کے کیمرہ مین سے بحث کے بعد آر ٹی سی بس کے اندر ہی فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں بس کی چھت میں سوراخ ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد بس مسافرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ پنجہ گٹہ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور اس سلسلے میں تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں ابتدائی طور پر اس واقعہ کا مکمل پتہ نہ چل سکا لیکن ٹاسک فورس پولیس نے اندرون چند گھنٹے سرینواس نامی ایک پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس آندھرا پردیش کی انٹلیجنس سکیورٹی ونگ سے وابستہ ہے اور اس نے بحث و تکرار کے بعد بس پیاسنجر کو دھمکانے کیلئے فائرنگ کی تھی۔ ٹاسک فورس نے سرینواس کو کوکٹ پلی علاقہ میں گرفتار کرتے ہوئے اسے پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے اس کانسٹیبل کے خلاف آرمس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی سرویس پستول ضبط کرلی اور اسے عدالت میں کل پیش کیا جائے گا۔