جوبلی ہلز سرفہرست ، چارمینار میں سب سے کم ، ای سی اے کے مسودہ فہرست میں انکشاف
حیدرآباد ۔18 ڈسمبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 54ہزار 600 رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ نظرثانی فہرست رائے دہندگان 2019ء کے مطابق یکم جنوری 2020ء تک یہ رائے دہندے فہرست میں اپنا نام درج کروانے کے اہل ہوں گے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی ) نے حیدرآباد ضلع کے تحت آنے والے 15 اسمبلی حلقوں میںالیکٹورل رجسٹریشن کے بعد فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دیا ہے ۔ مسودہ فہرست کے مطابق حیدرآباد ضلع میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 42لاکھ 16ہزار 826 ہے جبکہ اس میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 21لاکھ 83ہزار 811 جبکہ 20لاکھ 32 ہزار 598 خاتون رائے دہندگان کے علاوہ 417 رائے دہندگان ٹرانسجینڈرس شامل ہیں ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں رائے دہندگان میں سرفہرست ہے جہاں کے رائے دہندوں کی تعداد 3لاکھ 59ہزار 852 ہیں جبکہ یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی میں 3لاکھ 31ہزار 658 اورکاروان حلقہ اسمبلی میں اس کی تعداد 3لاکھ 22ہزار 183 ہیں جبکہ سب سے کم رائے دہندگان کی تعداد حلقہ اسمبلی چارمینار میں شامل ہیں جہاں کی تعداد 2لاکھ 8ہزار 813 ہیں ۔