ریونت ریڈی نے نو منتخب سرپنچوں کو تہنیت پیش کی،فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے نو منتخب نمائندوں کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئے سال کے آغاز پر مواضعات اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے خصوصی ترقیاتی فنڈ منظور کرنے کا اعلان کیا۔ کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے تحت نو منتخب سرپنچ اور دیگر عوامی نمائندوں کو چیف منسٹر نے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ پنچایتوں کو ملنے والے ترقیاتی فنڈ کے علاوہ چھوٹی پنچایتوں کو پانچ لاکھ اور بڑی پنچایتوں کو دس لاکھ روپئے چیف منسٹر کے خصوصی فنڈ سے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور وزراء سے کسی تعلق کے بغیر پنچایتوں کیلئے خصوصی فنڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب سرپنچوں کو عوام سے کئے گئے وعدہ کے مطابق دیہاتوں کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں دیرینہ حل طلب مسائل کے حل کے لئے خصوصی فنڈ کا استعمال کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کوڑنگل اسمبلی حلقہ کو ملک کے مثالی حلقہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ ہر گاؤں اور تانڈا میں سڑکیں بچھائی جائیں گی ۔ صاف پینے کا پانی ، غریبوں کو مکان اور راشن کارڈ فراہم کیا جائے گا ۔ بیروزگار نوجوانوں کے لئے انڈسٹریل پارک قائم کیا جارہا ہے۔ نومنتخب سرپنچوں کو چاہئے کہ وہ بہتر خدمت کے ذریعہ عوام کے دلوں میں جگہ بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گاندھی جی نے کہا تھا کہ ملک کی اصل روح دیہی علاقوں میں بستی ہے۔ دیہاتوں کی ترقی سے ریاست کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک فلاحی اسکیمات کو پہنچانا نو منتخب قائدین کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صرف انتخابات تک سیاست کی جانی چاہئے اور اب جبکہ الیکشن ختم ہوچکے ہیں تو ترقیاتی اور فلاحی اقدامات پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے نو منتخب سرپنچوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیاسی مخالفین کے خلاف کسی بھی کارروائی سے گریز کریں اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت ہر غریب خاندان کو باریک چاول سربراہ کر رہی ہے۔ 200 یونٹ مفت برقی کے علاوہ کسانوں کو 9 ماہ میں 9000 کروڑ رعیتو بھروسہ امداد دی گئی ۔ ایک کروڑ خواتین میں اندراماں ساڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ کے سی آر نے 10 برسوں میں عوام کے ساتھ ناانصافی کی اور ایک بھی پراجکٹ مکمل نہیں کیا۔ اندراماں راج کے آغاز کے بعد تلنگانہ کے عوام میں خوشحالی آئے گی۔1
