لاتورا۔19ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے سربراہ شردپوار نے چہارشنبہ کے دن مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈناویس کو مہاراشٹرا کے سیلاب سے تباہ حال مغربی حصہ میں خیمہ زن نہ ہونے پر اپنی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے فڈناویس پر راحتی اُمور کو مناسب انداز میں انجام دینے کو یقینی نہ بنانے پر بھی فڈناویس پر تنقید کی ۔ پوار این سی پی کے کارکنوں کے ایک اجلاس کو مخاطب کررہے تھے ۔ این سی پی سربراہ نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ ماہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کولاپور، ستارااور سنگلی میں قیام کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں بڑی تباہی ہوئی ہے ۔ وہاں میں نے بعض عہدیداروں سے دریافت کیا کہ وزیراعلیٰ نے ان مقامات کا دورہ کیا یا نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فڈناویس نے سنگلی کا دورہ آدھے گھنٹے تک کیا اور دوسرے ہی دن ہوائی سفر سے بھی کیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہزاروں لوگ تباہی کا سامنا کررہے تھے لیکن چیف منسٹر فضائی جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے بیان کیا کہ ’’ آپ کو اپنے اختیارات کو عوام کو راحت پہنچانے کیلئے حاصل ہیں ، ہوا میں اڑنے کیلئے نہیں ‘‘ ۔