خرطوم : سوڈان کے دوسرے بڑے شہر پورٹ سوڈان (بورسودان) میں مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ریاست بحیرہ احمر کے گورنر نے ایک اعلامیے میں پورٹ سوڈان میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں ریاست کی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ اس نے کئی ’باغی‘ سلیپر سیل پکڑے ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ باہر سے ریاست میں داخل ہوئے تھے اور وہ تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بحیرہ احمر کے شہریوں کا ان کے مکمل تعاون اور فوری طور پر ان باغی عناصر اور ان کے ایجنٹوں کی اپنے علاقوں میں موجودگی کی اطلاع دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔بعد ازاں کمیٹی نے ہنگامی حالت میں توسیع کرتے ہوئے پورٹ سوڈان میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے ۔سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان آج ایک ویڈیو میں فوجیوں کو سلام کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فوج نے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا ہے تاکہ شہریوں کی خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جاسکے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ فوج نے اپنی پوری مہلک طاقت کا استعمال نہیں کیا ہے، لیکن اگر دشمن نے عقل کی آواز پرکان نہیں دھرے تو وہ ایسا کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔