واشنگٹن :امریکی شہر پورٹ لینڈ میں ہفتے کی صبح سویرے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں نے پر امن مظاہرے کیے۔ جب کہ اس سے قبل وفاقی حکومت اور ریاست کے درمیان قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں کے اہل کاروں کی پورٹ لینڈ سے واپسی کے بارے میں سمجھوتہ ہو گیا۔جمعرات اور جمعے کو رات گئے ہونے والے مظاہرے ایک عرصے کے بعد پہلی مرتبہ پر امن رہے اور کسی قسم کی جھڑپ، تشدد یا گرفتاری کی نوبت نہیں آئی۔اس سے قبل ڈیموکریٹ گورنر کیٹ براؤن اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی فورسز کو واپس بلا لے گی۔ ہفتے کی درمیانی شب وفاقی عدالت کی عمارت کے سامنے ہونے والے مظاہرے کے دوران کوئی بھی وفاقی سیکیورٹی ایجنٹ موجود نہیں تھا۔ یہ عمارت پچھلے کئی ہفتوں سے احتجاجی مظاہروں کا مرکز بنی رہی ہے۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے کورٹ ہاؤس کے باہر نصب حفاظتی باڑھ کو لوگوں نے غباروں اور امریکی پرچموں سے سجا دیا تھا۔