بنگلورو، 8 مئی (یو این آئی) کانگریس رہنما ٹی۔ڈی۔ گوڑا نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اُس حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جس میں شِرنگیری اسمبلی حلقے میں پوسٹل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا تھا اور اسی گنتی کے نتیجے میں اُن کی اسمبلی رکنیت ختم ہوگئی۔درخواست کے مطابق مسٹر گوڑا نے ابتدا میں شِرنگیری اسمبلی نشست جیت لی تھی۔ تاہم، کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے ایک انتخابی عرضی پر پوسٹل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حکم کے بعد نتیجہ بی جے پی امیدوار ڈی۔این۔ جیوراج کے حق میں چلا گیا، جنہیں محض 52 ووٹوں کے فرق سے کامیاب قرار دیا گیا۔سینئر وکیل دیودت کامت نے جمعہ کے روز چیف جسٹس سوریہ کانت کے سامنے درخواست کی فوری سماعت کے لیے معاملہ پیش کیا۔ذکر کے دوران مسٹر کامت نے بنچ کو بتایا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے پوسٹل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حکم کے بعد اُن کے مؤکل کی نشست چھن گئی ہے ۔ انہوں نے معاملے کی جلد سماعت کی درخواست کی۔