پوسٹل سرویس بل ، اپوزیشن کی جانب سے شدید مخالفت

   

نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے آج راجیہ سبھا میں پوسٹل سروسز بل 2023 کی سخت مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ صارفین کے مفادات سے سمجھوتہ کیا گیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے نے کہا کہ بل میں محکمہ ڈاک کے افسران کو کسی بھی پوسٹ یا خط کو روکنے ، کھولنے اور تباہ کرنے کے لامحدود اختیارات دیے گئے ہیں اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اس کیلئے کوئی ٹھوس طریقہ کار طے نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بل میں یہ طے ہونا چاہیے کہ افسر کو کس طاقت یا اختیار کے تحت یہ خط کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف شک کی بنیاد پر یہ اجازت دینا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ کورئیر سروسز کو اس بل کے دائرہ کار سے باہر رکھنا بھی سوالات کو جنم دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بل کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ڈی ایم کے کے پی ولسن نے بھی اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خدمات کیلئے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے سے متعلق صورتحال کو واضح نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بل میں افسران کو بغیر کسی عمل اور نظام کے لامحدود اختیارات دیے گئے ہیں جو کہ ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ بل پرانے بل کو تبدیل کرنے کیلئے جلد بازی میں لایا گیا ہے ۔