پوسٹ میٹرک اسکالرشپس ‘ 30 نومبر تک درخواستوں کے ادخال کا موقع

   

حیدرآباد۔29 اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 30 نومبر تک کی توسیع کی گئی ہے ۔ جو طلبہ و طالبات
E-pass
سے درخواستیں آن لائن داخل کرنے سے قاصر رہے ہیں وہ 30 نومبر تک درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں ۔ 24اکٹوبر کو پوسٹ میٹرک اسکالر شپس برائے سال 2021-22 کی آخری تاریخ کے بعد ہزاروں طلبہ کے درخواست داخل نہ کئے جانے اور مختلف جماعتوں بالخصوص انجنیئرنگ میں داخلوں کا عمل جاری رہنے روزنامہ سیاست میں خبر شائع کی گئی تھی جس میں توجہ دلائی گئی تھی کہ تلنگانہ میں پوسٹ میٹرک اسکالرشپس کیلئے درخواستوں کے ادخال کو بند کردیا گیا لیکن اب حکومت کے فیصلہ کے مطابق ریاست بھر میں اقلیتی طلبہ جو پوسٹ میٹر ک کے علاوہ میرٹ کم منس اسکالر شپس کیلئے درخواست داخل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں 30 نومبر تک یہ موقع دستیاب رہیگا ۔علاوہ ازیں پری میٹرک اسکالر شپس برائے سال 2021-22 کیلئے 15 نومبر تک درخواستوں کے ادخال کی مہلت ہے۔ حکومت بالخصوص محکمہ اقلیتی بہبود کو پوسٹ میٹرک کے تجدیدی دخواستوں کے ادخال میں مشکلات کو بھی دور کرنے اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ اسکالر شپس کی تجدید کی درخواستوں کیلئے اسٹامپ پیپر پر آمدنی کا ڈیکلیریشن پیش کرنے کی شرط ہے اور تلنگانہ میں اسٹامپ پیپرس کی قلت کے سبب کئی طلبہ درخواستوں کے ادخال سے محروم ہورہے ہیں اسی لئے اگر ان کو کوئی متبادل طریقہ کار فراہم کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں انہیں کافی راحت حاصل ہوگی۔