امراوتی 7 جنوری ( پی ٹی آئی ) پولاورم ہمہ مقصدی پراجیکٹ کے انجینئرس و ورکرس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے کی لگاتار کاوشوں کے ذریعہ 32,315.5 کیوبک میٹر کنکریٹ بچھانے کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے اس موقع پر عینی شاہد کے طور پر موجود تھے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے اور انہوں نے چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو کو ایک تقریب میں یہ سرٹیفیکٹ حوالے کیا ۔ متواتر کوشش سے کنکریٹ بچھانے کی اس کوشش کو چندرا بابو نائیڈو نے تاریخی لمحہ قرار دیا تھا اور صبح 8 بجے سے مسلسل چوبیس گھنٹوں تک یہ کام جاری رکھا گیا ۔ دوبئی میں مئی 2017 میں 21,580 کیوبک میٹر تک کنکریٹ بچھانے کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا جس کو اب کافی پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ یہ ریکارڈ الراشد ٹاور کی تعمیر کے وقت قائم کیا گیا تھا ۔ گنیز نمائندوں کا حوالہ دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اس موقع پر جملہ دو ریکارڈز قائم کئے گئے ہیں ۔