پولاورم پراجیکٹ کیلئے 1,962 کروڑ جاری

   

حکومت آندھرا پردیش کا اقدام ‘ مرکز سے فنڈز وصول طلب
امراوتی 30 اپریل ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش نے آج پولاورم ہمہ مقصدی پراجیکٹ کے مختلف کاموں کیلئے 1,962 کروڑ روپئے جاری کردئے ۔ ریاست کو مرکزی حکومت سے ان کاموں کیلئے 3,000 کروڑ روپئے کی اجرائی کا بھی انتظار ہے ۔ آج جو جملہ رقم جاری کی گئی ہے اس کے منملہ 1,252 کروڑ روپئے پولاورم مین ڈیم کیلئے اور اس سے متعلق کاموں کیلئے خرچ کئے جائیں گے ۔ مزید 600 کروڑ روپئے پراجیکٹ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی باز آبادکاری اور دوبارہ بستیاں بسانے کیلئے خرچ کئے جائیں گے جبکہ 110 کروڑ روپئے پولاورم رائیٹ و لیفٹ مین کنالس کیلئے خرچ کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ پولاورم کو ایک نیشنل پراجیکٹ قرار دیا گیا ہے اور مرکزی حکومت نے اس پراجیکٹ کی زائد از 54,000 کروڑ کی مکمل لاگت برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ باز آبادکاری اور متعلقہ کاموں کا خرچ بھی مرکزی حکومت نے برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چونکہ ریاستی حکومت اس پراجیکٹ پر عمل کروا رہی ہے اس لئے وہ اپنے بجٹ سے رقومات خرچ کرتی ہے اور بعد میں یہ رقومات مرکزی حکومت جاری کرتی ہے ۔ مرکزی حکومت سے اب تک جملہ 3,000 کروڑ روپئے جارے کئے جانے باقی ہیں جو ریاستی حکومت نے پراجیکٹ پر خرچ کردئے ہیں۔ ایک اعلی عہدیدار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اصل ترجیح متاثر ہونے والے افراد کی باز آبادکاری اور بستیوں کے دوبارہ بسانے پر پر ہوگی ۔