انڈوں کی پیداوار میں آندھراپردیش سرفہرست ، دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع
حیدرآباد ۔3 ۔ جون (سیاست نیوز) ہندوستان میں پولٹری پروڈکشن میں گزشتہ سال اضافہ درج کیا گیا اور آندھراپردیش کو دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل رہی ہے۔ گزشتہ سال ملک کی تمام ریاستوں میں پولٹری کے تحت انڈوں کے پروڈکشن پر سروے کیا گیا جس میں آندھراپردیش 27.99 ملین ٹن کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ہندوستان بھر میں پولٹری انڈوں کا پروڈکشن 153.5 ملین ٹن درج کیا گیا ہے۔ ٹاملناڈو 24.58 ملین ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ملک میں فوڈ سیکوریٹی اور نیوٹریشن کے شعبہ جات میں پولٹری انڈسٹری کا اہم رول ہے اور ماہرین کے مطابق ملک میں دیہی سطح پر روزگار کی فراہمی میں پولٹری انڈسٹری نے اہم رول ادا کیا ہے۔ پولٹری انڈوں کی پیداوار میں جنوبی ہند کی ریاستوں کو سبقت حاصل رہی ہے اور گزشتہ چند برسوں میں پولٹری انڈسٹری کو جنوبی ریاستوں میں توسیع حاصل ہوئی ہے۔ پولٹری انڈسٹری سے نہ صرف ہزاروں خاندان وابستہ ہیں بلکہ اس انڈسٹری نے لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔ تلنگانہ میں پولٹری انڈوں کی جملہ پیداوار 20.38 ملین ٹن درج کی گئی ہے۔ کرناٹک میں 10.34 ملین ٹن اور مہاراشٹرا میں 7.55 ملین ٹن پولٹری انڈوں کا پروڈکشن ہوا ہے۔ مغربی بنگال میں پولٹری انڈوںکی پیداوار 18.15 ملین ٹن درج کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر ، ہماچل پردیش ، پنجاب ، ہریانہ ، دیہی ، اترپردیش ، راجستھان ، مدھیہ پردیش اور بہار جیسی بڑی ریاستوں میں پولٹری انڈسٹری کی سرگرمیاں توقع کے برخلاف کم درج کی گئی ہے۔1/k/m/b