نظام آباد، 10 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد کے 6 ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں زیر حراست نوجوان کی جانب سے فینائل پی کر خودکشی کی کوشش کرنے کی کوشش کی اس واقعہ کے بعد مقامی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے ناگارام علاقے سے تعلق رکھنے والے محمد ذیشان کو مقامی6 ٹاؤن پولیس نے گانجہ فروخت کرنے کے الزام میں سرنگاپور کے قریب حراست میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا ذیشان کو ریمانڈ پر منتقل کرنے کی تیاری جاری تھی کہ اسی دوران اس نے پولیس اسٹیشن کے باتھ روم میں موجود فینائل پی لیا۔ فوری طور پر اسے علاج کے لیے ایلمّاگٹہ میں واقع ایک خانگی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے بعد اس کی حالت مستحکم ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ذیشان کے والد ایوب نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو تین دن قبل حراست میں لیا گیا تھا اور ریمانڈ کے سلسلے میں جاری تفتیش کے دوران اسے ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل 11 ؍مارچ کو بھی نظام آباد ضلع میں پولیس تحویل کے دوران ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی تھی۔ اب ایک اور نوجوان کی جانب سے پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش کیے جانے پر عوامی حلقوں میں شدید بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ ذیشان کی حالت مستحکم ہونے پر پولیس نے اسے ریمانڈ پر دے دیا۔