نئی دہلی: شمالی دہلی کے اندرلوک علاقہ کی ایک سڑک پر نماز ادا کررہے نمازیوں کو پولیس اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر لات مارنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ دہلی پولیس نے اپنے پوسٹ انچارج منوج کمار تومر کو معطل کرتے ہوئے پورے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ مسلمان سڑک پر نماز ادا کررہے ہیں، اس دوران ایک پولیس اہلکار نمازیوں کو لات مارتے ہوئے دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارتھ ایم کے مینا نے بتایا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور قصوروار پائے جانے کے بعد اہلکار کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ کے مسلمانوں نے پولیس اہلکار کی حرکت کے خلاف احتجاج کیا۔ وہیں ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر دہلی پولیس کے اہلکار کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ صارفین اسے انتہائی غیرانسانی و نفرت انگیز حرکت قرار دے رہے ہیں۔