مذہب کی بنیاد پر تشدد کی مذمت، خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ
حیدرآباد۔9۔ستمبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کے وفد نے پولیس تشدد کا شکار مسلم خاتون صحافیوں شاہین خاں اور نفیسہ خاں سے ملاقات کی ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر سلیم انجنیئر ، قومی سکریٹری آئی کریم اللہ اور سلمان احمد نے خاتون صحافیوں کی قیامگاہ پر افراد خاندان سے ملاقات کی اور پولیس کے رویہ کی مذمت کی ۔ دہلی پولیس عہدیداروں کی جانب سے دونوں خاتون صحافیوں کو تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائدین کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے انصاف کیلئے مضبوطی کے ساتھ آواز اٹھانے پر ان کے جرأت اور حوصلہ کی ستائش کی ۔ خاتون صحافیوں نے واقعہ کی تفصیلات بتائیں اور الزام عائد کیا کہ پولیس عہدیداروں نے بغیر کسی وجہ اور قانونی جواز کے انہیں ہراساں کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس عہدیداروں کو جب ان کی مذہبی شناخت کا علم ہوا تو وہ مسلم اقلیتی طبقہ سے تعلق کی بنیاد پر تشدد کی شدت میں اضافہ کردیا۔ پروفیسر سلیم انجنیئر نے مذہب کی بنیاد پر تشدد اور امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ تحقیقات میں حقائق منظر عام پر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو شہریوں کے بارے میں جواب دہ بنانے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی نے شاہین خاں ، نفیسہ خاں اور افراد خاندان کو یقین دلایا کہ انصاف کے حصول کی جدوجہد میں مکمل تائید کی جائے گی۔1/k/m/b