17 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات، سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس شامل، جناب زاہد علی خاں و دوسروں کی اپیل
حیدرآباد۔/10 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل ٹی آر ایس حکومت نے سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا اور پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ دوسری طرف محکمہ پولیس میں تقررات کیلئے اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے اعلامیہ جاری کیا جس کے تحت کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کی جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ اقلیتی نوجوانوں کو پولیس تقررات کی اس مہم سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ افتخار حسین اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے اپیل جاری کی ہے۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے جو اعلامیہ جاری کیا اس میں پولیس کانسٹبل سیول کی 15644، پولیس کانسٹبل انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن 383 ، ٹرانسپورٹ کانسٹبل 63 ، پروہبیشن اینڈ ایکسائیز کانسٹبل 614 ، سب انسپکٹر سیول 554 اور سب انسپکٹر آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن کی 33 جائیدادیں شامل ہیں۔ کانسٹبل کیلئے پے اسکیل 24280 تا 72850 روپئے ہے جبکہ سب انسپکٹرس کا پے اسکیل 42300 تا 115270 ہے۔ جملہ 17291 جائیدادوں کیلئے بی سی ای زمرہ کے تحت مسلم امیدواروں کو 4 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 مئی ہے۔ پولیس کانسٹبل کے عہدہ کیلئے امیدواروں کو یکم جولائی 2022 تک کم از کم انٹر میڈیٹ یا اس کے مماثل ڈگری یافتہ ہونا چاہیئے۔ کانسٹبل کیلئے عمر کی حد 18 تا 22 سال مقرر کی گئی ہے تاہم تلنگانہ حکومت نے یونیفارم سرویس بشمول پولیس، فائر سرویسس، جیل اور اسپیشل پروٹیکشن فورس کیلئے عمر کی حد میں 3 سال کا اضافہ کیا ہے۔ بیوہ، مطلقہ اور عدلیہ کے ذریعہ شوہر سے علحدہ ہونے والی خواتین جنہوں نے شادی نہیں کی ان کیلئے عمر کی حد 40 سال رہے گی۔ اس کے علاوہ خواتین کیلئے علحدہ جائیدادیں محفوظ ہیں۔ سب انسپکٹر کیلئے امیدوار کو یکم جولائی 2022 تک ڈگری ہولڈر ہونا چاہیئے۔ عمر کی حد اگرچہ 21 تا 25 سال ہے تاہم ریاستی حکومت نے 3 سال کی رعایت دی ہے۔ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ افتخار حسین، حکومت کے مشیر اے کے خاں، ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن کے میجر قادری، سابق اسپیشل چیف سکریٹری محمد شفیق الزماں نے مسلم نوجوانوں سے پولیس تقررات کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال میں کسی رکاوٹ کے سلسلہ میں امیدوار احاطہ ’سیاست‘ میں موجود کیریئر کونسلنگ سنٹر سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ر