ڈیجیٹل میٹر سے پہلے سے کم قد درج، امیدواروں کا احتجاج
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) فطری تقاضہ کے تحت انسان کے وزن میں کمی و بیشی ہوسکتی ہے لیکن پولیس تقررات کے معاملہ میں امیدواروں کا قد اچانک کم ہوگیا۔ سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کے تقررات کے سلسلہ میں عنبرپیٹ پولیس گراؤنڈ پر قد ناپنے کے دوران کئی امیدواروں نے احتجاج کیا کیونکہ ہائی کورٹ کے احکامات پر دوبارہ قد ناپنے کے دوران ان کا قد پہلے سے کم بتایا گیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے امیدواروں کی درخواست پر پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کو ہدایت دی تھی کہ جن امیدواروں کا قد تقررات کے لئے اہلیت سے معمولی طور پر کم ہو ان کا دوبارہ قد ناپا جائے تاکہ امیدواروں سے انصاف ہو۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق عنبرپیٹ پولیس گراونڈ پر آج امیدوار اپنے قد کا امتحان دینے کیلئے پہنچے۔ امیدواروں نے یہ کہتے ہوئے احتجاج کیا کہ سابق میں جو قد (Hight) ریکارڈ کیا گیا تھا اس مرتبہ وہ سابق سے بھی کم درج ہوا ہے۔ ڈیجیٹل میٹر کے ذریعہ ان کے قد کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ انہیں نااہل قرار دینے کیلئے یہ سازش کی گئی۔ مینول طریقہ سے قد کی جانچ کرنے ہائی کورٹ نے احکامات جاری کئے تھے لیکن سلیکشن کمیٹی نے مینول طریقہ کے بجائے ڈیجیٹل میٹر کے ذریعہ جانچ کرتے ہوئے گذشتہ سے کم قد درج کیا۔ امیدواروں نے قد کی جانچ میں بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے انہیں مینس امتحانات میں شرکت کا موقع دینے کا مطالبہ کیا۔ر