حیدرآباد۔/3اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے نتائج پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی کردی گئی۔ ہائی کورٹ نے پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کو ہدایت دی کہ 17 اگسٹ تک کسی بھی طرح کے نتائج جاری نہ کئے جائیں۔ جی او 57 اور 58 کو چیلنج کرتے ہوئے امیدواروں نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس کی آج سماعت ہوئی۔ ریکروٹمنٹ بورڈ نے جی او 57 اور 58 کے مطابق نشانات میں کمی کا فیصلہ کیا۔ پریلمس امتحانات کی تکمیل کے بعد دونوں جی اوز کے مطابق کارروائی کی گئی۔ ریکروٹمنٹ بورڈ نے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی تحفظات کے مطابق کٹ آف مارکس کے بارے میں فیصلہ کیا۔ نوٹیفکیشن میں کہیں بھی جی او نمبر 57 اور 58 کا تذکرہ نہیں ہے۔ بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریزرویشن کے مطابق کٹ آف مارکس طئے کئے جاتے ہیں۔ درخواست گذاروں نے پریلمس لکھنے والے امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کی شکایت کی۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے بارے میں تقریباً 52 درخواستیں ہائی کورٹ میں زیر التواء ہیں۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 17 اگسٹ کو مقرر کی ہے۔
