امیدواروں کو نشانات الاٹ کرنے سی پی آئی سکریٹری کا چیف منسٹر کومکتوب
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سب انسپکٹرس اور پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں منعقدہ پریلمینری امتحانات میں بے قاعدگیوں کی درستگی اور امیدواروں سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ پولیس ریکروٹمنٹ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور پریلمینری امتحانات میں تقریباً 7 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔ امتحانی پرچہ جات میں تقریباً 22 غلط سوالات شامل کئے گئے جس کے نتیجہ میں امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے پرچہ کی تیاری کے سلسلہ میں جو خامیاں اور کوتاہیاں ہوئی ہیں اس سے ہزاروں امیدوار نشانات سے محروم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلطیوں کی اصلاح کئے بغیر نتائج کی اجرائی سے محض 31 فیصد امیدوار اہل قرار پائے ہیں۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ طلبہ میں کئی شبہات پائے جاتے ہیں اور انہیں اندیشہ ہے کہ کم نشانات کے سبب وہ سلیکشن سے محروم ہوجائیں گے۔ چیف منسٹر سے اپیل کی گئی کہ پریلمینری امتحانات میں غلط سوالات کے نشانات کو شامل کرتے ہوئے نئے نتائج جاری کریں تاکہ امیدواروں سے انصاف ہو۔ر