پولیس سسٹم کو عوام کے موافق بنایا جائے : نائیڈو

   

نئی دہلی،5 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور ماونوازی جیسے عصری چیلنجزسے نمٹنے کے لئے سیکورٹی فورسیز کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سسٹم کو عوام کے موافق بنایا جانا چاہئے ۔مسٹر نائیڈو نے اسمارٹ پولیسنگ پر منعقد آج ایک قومی سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سسٹم کے مرکز میں عوام کو رکھا جانا چاہئے اور پولیس تھانوں میں عوام کے ساتھ دوستانہ سلوک کیا جانا چاہئے ۔ سیمینا ر کا انعقادانڈین پولیس فاونڈیشن، نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس اور پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بیورو نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کی ضرورتوں کے مطابق بنانے کے لئے پولیس سسٹم میں داخلی تبدیلی کی جانی چاہئے اور پولیس تھانوں کا ماحول بہتر کیا جانا چاہئے ۔دہشت گردی، انتہاپسندی اور ماونوازی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس تھانوں کا ماحول سدھارنے کے لئے سینئر افسروں کو پہل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ‘بلیٹ سے بیلٹ زیادہ طاقت ورہے ’۔ پویس کو اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے اور اس سے نمٹتے وقت قومی سلامتی میں کوئی رعایت نہیں دی جانی چاہئے۔