حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) فورم فار گڈ گورننس کے سکریٹری پدمنابھ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں حال ہی میں کئے گئے پولیس عہدیداروں کے تبادلے شفافیت کی بنیاد پر نہیں ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پدمنابھ ریڈی نے کئی اہم امور کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی، سرکل انسپکٹر اور ڈی ایس پی رتبہ کے عہدیداروں کے تبادلہ میں ارکان اسمبلی کے سفارشی مکتوب نے اہم رول ادا کیا ہے۔ اپنے قریبی پولیس عہدیداروں کو ارکان اسمبلی نے اپنے علاقوں میں پوسٹنگ دلائی ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ارکان اسمبلی نے پولیس عہدیداروں کے تبادلوں میں اہم رول ادا کیا تاکہ الیکشن میں فائدہ ہو۔ پدمنابھ ریڈی نے سفارش کے ذریعہ تعیناتی حاصل کرنے والے عہدیداروں کے تقررات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔