جان بوجھ کر ریونت ریڈی کی توہین کی تردید
حیدرآباد 21 فبروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے بنجارہ ہلز اور مشیرآباد پولیس اسٹیشنوں میں اُن کے خلاف درج مقدمات کو کالعدم قرار دینے کے لئے ہائیکورٹ میں دو علیحدہ درخواستیں داخل کی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے کی کانگریس کارکنوں کی شکایت پر بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا تھا کہ بلڈرس اور کنٹراکٹرس سے چیف منسٹر نے 2500 کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں۔ کانگریس کارکنوں نے پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز میں ریونت ریڈی کی توہین کے الزام میں کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ دوسری طرف انتخابی مہم کے دوران کے ٹی آر کی جانب سے ریونت ریڈی کے خلاف ریمارکس پر مشیرآباد پولیس اسٹیشن میں کے ٹی آر اور رکن اسمبلی ایم گوپال کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کے ٹی آر نے دونوں مقدمات کو کالعدم کرنے کی عدالت سے اپیل کی۔ کے ٹی آر کے وکیل نے کہاکہ پولیس نے کسی وجہ کے بغیر ہی مقدمات درج کئے ہیں۔ کے ٹی آر کے وکیل نے وضاحت کی کہ چیف منسٹر کی جان بوجھ کر توہین نہیں کی گئی۔ اُن کے ریمارکس سے امن و ضبط کی صورتحال کو کوئی خطرہ پیدا نہیں ہوگا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 18 مارچ کو مقرر کی ہے۔ 1