حیدرآباد :۔ محکمہ پولیس میں ملازمتوں کے لیے رکروٹمنٹ اعلامیہ کی عنقریب اجرائی کی توقع کے ساتھ گورنمنٹ جونیر کالجس کی جانب سے ان کے طلبہ کو تربیت دی جارہی ہے ۔ یہ کام ریاست بھر میں 33 ٹریننگ سنٹرس کے ذریعہ کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں اس طرح کے چار سنٹرس ہیں ۔ کمشنریٹ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے اس اقدام کی ، جس کے تحت گورنمنٹ جونیر کالجس کام کرتے ہیں ، تاحال اچھی پذیرائی ہورہی ہے ۔ ہر سنٹر میں 100 طلبہ کے ساتھ جملہ 3,300 طلبہ کو ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ جن میں 60 فیصد لڑکے اور 40 فیصد لڑکیاں ہیں ۔ فزیکل ایفیشینسی ٹسٹس بشمول رننگ ، لانگ جمپ ، شاٹ پٹ اور ہائی جمپ کی ٹریننگ علاوہ طلبہ کو تحریری امتحان کے لیے بھی کوچنگ دی جارہی ہے ۔ چنانچہ اس سلسلہ میں جونیر کالجس نے فزیکل ڈائرکٹرس اور مضمون کے ماہرین کی خدمات حاصل کئے ہیں ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ’ طلبہ کو ہر روز دو گھنٹے تک ( صبح 6 تا 8 بجے ) ہائی جمپ ، لانگ جمپ ، رننگ اور ضروری دیگر ایونٹس کی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ فزیکل ٹریننگ کے بعد طلبہ کو تحریری امتحانات کے لیے کوچنگ دی جاتی ہے ۔ یہ کوچنگ نومبر میں شروع ہوئی اور یہ چار مہینوں تک جاری رہے گی ‘ ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’ اب ہم ایک تمثیلی ابتدائی تحریری ٹسٹ منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ان طلبہ کے لیے ریگولر کلاس ورک بھی آن لائن / ڈیجیٹل کلاسیس کے ذریعہ جاری ہے ‘ ۔ بعض پولیس عہدیداروں نے بھی طلبہ کو ٹریننگ دینے میں مدد کی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ عطیہ دہندگان کی مدد سے بعض گورنمنٹ جونیر کالجس ان سنٹرس میں ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ کو تغذیہ بخش غذا فراہم کررہے ہیں ۔۔