ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی کے ہاتھوں خدمات کاآغاز
حیدرآباد ۔ پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ ( پی وی سی ) اور پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ ( پی سی سی) کیلئے اب شہریوں کو پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹنے یا پھر اثر و رسوخ کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اب اس سرٹیفکیٹ کیلئے آن لائن درخواستوں کے لزوم کو رائج کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج اس سلسلہ میں آن لائن خدمات کو جاری کردیا۔ اب پی سی سی، پی وی سی سرٹیفکیٹ کیلئے آن لائن درخواست حاصل کی جائے گی۔ اس اقدام کیلئے ’’ آئی۔ ویریفائی ‘‘ ایپ کو متعارف کیا گیا ہے۔ خواہشمند امیدوار بذریعہ آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور پولیس کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ عام طور پر ان دونوں سرٹیفکیٹس کی ضرورت روزگار اور دیگر ضروریات کیلئے پڑتی ہے ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے ادارے ہوں یا پھر خانگی ادارے ہوں سرکاری و خانگی ملازمت کیلئے پولیس ویفریفکیشن اور پولیس کلیرنس کی شرط بتائی جاتی ہے جو اب مزید آسان ہوگئی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے درخواست گذار کیلئے سہولیات فراہم کرتے ہوئے اس ویب سائیٹ میں ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے جس کے ذریعہ رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ درخواست گذار ویب سائیٹwww.tspolice.gov.in سے رجوع ہوکر پی وی سی پر کلک کرتے ہوئے اپنی درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ اس طریقہ کار سے عوام کو اب پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور کم وقت میں شہریوں کے لئے اور خود پولیس کیلئے بھی آسانی ہوگی۔