پولیس پر یکطرفہ کارروائی کرنے ریونت ریڈی کا الزام

   

قیام گاہ پر حملہ کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے جوبلی ہلز پولیس سے مطالبہ
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچ کر عہدیداروں کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی کی قیامگاہ کے روبرو کل ٹی آر ایس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے کانگریس کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کی یکطرفہ کارروائی کیخلاف ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچ کر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی، اے سی پی اور متعلقہ انسپکٹر سے ریونت ریڈی نے حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج نہ کئے جانے کی وجوہات طلب کیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک رکن پارلیمنٹ اور سیاسی جماعت کے صدر کی قیامگاہ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو شکایت کا انتظار کئے بغیر مقدمہ درج کرنا چاہئے تھا ۔ پولیس عہدیداروں نے ریونت ریڈی کو تیقن دیا کہ وہ کل کے واقعہ کے سلسلہ میں غیر جانبداری کے ساتھ کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے لئے پولیس کو تحریری شکایت کے انتظار کی ضرورت نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کارکنوں کو ٹاسک فورس کی جانب سے گرفتار کرنے اور ہراساں کرنے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو غیر جانبداری کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ سابق میں ریونت ریڈی نے نامعلوم افراد کی جانب سے ان کے تعاقب کے بارے میں پانچ شکایات تحریری طور پر روانہ کی تھیں لیکن ایک معاملہ میں بھی کارروائی نہیں کی گئی ۔ R