پولیس کارکردگی کی ستائش ، پولیس ملازمین میں حفاظتی اشیاء کی تقسیم

   

جرائم پر قابو پانے میں سی سی کیمرے معاون ، وزیر سرینواس یادو ، رکن ا سمبلی سبھاش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد /29 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے پولیس کے اقدامات اور کارکردگی کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ایک وقت ایسا ہوتا تھا کہ عوام پولیس کے نام اور ان کے اقدامات سے خوف کا شکار ہوتے تھے ۔ لیکن ان دونوں عوام پولیس کی کارکردگی سے ان کے قریب ہو رہے ہیں ۔ وزیر نے آج 10 لاکھ روپئے کے مالی اخراجات سے رچہ کنڈہ پولیس میں ماسک ، ہینڈ گلاوز اور سانیٹائزرس تقسیم کئے اور کہا کہ لاک ڈاؤن کی عمل آوری میں پولیس بہترین اور مثالی خدمات انجام دے رہی ہے ۔ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر پولیس ملازمین دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کی عمل آوری کے علاوہ بھوکی عوام کو غذاء اور مزدوروں میں اجناس کی تقسیم عمل میں لارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے رچہ کنڈہ پولیس کمشنر کی خدمات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ مہیش بھگوت کے اقدامات کے سبب جرائم کے فیصد میں کمی واقع ہوئی ہے اور پولیس عملہ بہترین خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں کمشنر نے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے اور جرائم پر قابو پانے کے مثالی اقدامات انجام دئے ہیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر رچہ کنڈہ سدھیر بابو اپل کے رکن اسمبلی سبھاش ریڈی مسٹر بی راموہن کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔