عہدیداروں سے تکرار، سماجی فاصلہ کے ساتھ خراج پیش کرنے کی اجازت
حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) پنجہ گٹہ میں واقع آنجہانی راجیو گاندھی کے مجسمہ کے اطراف پولیس بندوبست اور کانگریس قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنے کی کوششوں کے باوجود سینئر قائد وی ہنمنت راؤ پولیس کو چکمہ دے کر پنجہ گٹہ پہنچ گئے ۔ پولیس نے مجسمہ کے پاس جمع ہونے سے روکنے کیلئے ہنمنت راؤ کو نوٹس جاری کی تھی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ پولیس نے ان کی قیامگاہ پر نوٹس چسپاں کردی ۔ کل رات سے ہنمنت راؤ کی تلاش جاری تھی لیکن انہوں نے کسی نامعلوم مقام پر رات میں قیام کیا جبکہ پولیس ان کی قیامگاہ کے باہر انتظار کر رہی تھی تاکہ حراست میں لے لیا جائے۔ صبح 9.30 بجے ہنمنت راؤ اپنے روایتی لباس سے ہٹ کر صرف کرتا پائجامہ پہن کر اچانک پنجہ گٹہ چوراہے پر نمودار ہوئے ۔ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر بحث و تکرار ہوئی ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت نے 85 فیصد لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے۔ بازاروں میں ہجوم دیکھا جارہاہے لیکن قومی قائد راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کو خراج پیش کرنے کیلئے کانگریس نے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس عہدیداروں نے ہنمنت راؤ کو مجسمہ تک جانے سے روکنے کی کوشش کی لیکن کافی بحث و تکرار کے بعد انہیں تنہا مجسمہ تک جانے کی اجازت دی گئی ۔ ہنمنت راؤ کے پہنچتے ہی صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر قا ئدین بھی وہاں پہنچ گئے ۔ اگر ہنمنت راؤ پولیس سے نمٹنے میں کامیاب نہ ہوتے تو دیگر قائدین کو خراج پیش کرنے کا موقع نہ ملتا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاست میں ریڈ زون ختم ہوچکے ہیں اور عام زندگی بحال ہوچکی ہے ۔ اس کے باوجود راجیو گاندھی کی برسی پر پابندی عائد کرنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر یوتھ کانگریس کی پیداوار ہیں اور ان کی سیاسی زندگی کا آغاز یوتھ کانگریس سے ہوا۔ انہوں نے چیف منسٹر کو انتباہ دیا کہ وہ آمرانہ طرز حکمرانی سے گریز کریں۔ اقتدار کسی کے لئے مستقل نہیں ہوتا۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد مخالف سکھ فسادات روکنے کے لئے راجیو گاندھی سڑکوں پر نکل آئے تھے لیکن آج جبکہ لاک ڈاؤن سے ضعیف خاندان پریشان ہیں، چیف منسٹر اپنی قیامگاہ سے باہر نہیں نکلے۔ شہر کے دیگر علاقوں اور اضلاع میں بھی آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
