پولیس کی ذمہ دارانہ کارکردگی کے لیے QR سسٹم کا آغاز

   

اسمارٹ فون کے ذریعہ شکایات کی سہولت ، عوامی مطالبہ پر مثبت اقدام
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پولیس نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات اور ذمہ دارانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک کیو آر کوڈ پر مبنی فیڈ بیک سسٹم متعارف کیا ہے جس کے ذریعہ شہری پولیس کی خدمات سے متعلق اپنی رائے آن لائن درج کرسکتے ہیں ۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق ریاست بھر میں مختلف علاقوں سے پولیس کی غیر ذمہ دارانہ رویے اور لاپرواہی کی شکایتیں موصول ہورہی تھیں ۔ جس کے بعد ہر پولیس اسٹیشن میں عوامی شکایتوں کا جائزہ لینے کے لیے یہ QR کوڈ سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ عوام اپنی رائے پانچ اہم نکات پر فیڈ بیک پیش کرسکتے ہیں ۔ شکایات ، ایف آئی آر ، ای چالان ، پاسپورٹ تصدیق ، دیگر امور پر اپنی رائے دی جاسکتی ہے ۔ اس سلسلہ میں تمام پولیس اسٹیشنوں میں QR کوڈ نصب کئے گئے ہیں ۔ شہری اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ کیو آر کوڈ اسکیان کر کے اپنی شکایات یا پھر رائے پیش کرسکتے ہیں ۔ کیو آر کوڈ اسکیان کرنے کے بعد شہری اپنا موبائل نمبر یا ای میل آئی ڈی درج کریں ۔ متعلقہ پولیس اسٹیشن تاریخ اور دورہ کرنے کی وجہ بتائیں اور اس کے بعد پولیس کے رویہ کی بنیاد پر ریٹنگ دی جاسکتی ہے ۔ ضلع نظام آباد میں 33 اور کاماریڈی میں 23 پولیس اسٹیشنوں میں اس نظام کو نافذ کیا گیا ہے ۔ جس سے شہری اپنے ساتھ ہونے والے رویہ پر تبصرہ کرسکتے ہیں اور آواز بھی اٹھا سکتے ہیں اور پولیس کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔۔ ش