پولیس کی رکاوٹوں کو توڑکر ہنمنت راؤ گاندھی ہاسپٹل پہنچ گئے

,

   

ہڑتالی ڈاکٹرس سے ملاقات، چیف منسٹر سے دورہ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔10۔ جون(سیاست نیوز) پولیس کی رکاوٹوں کو توڑ کر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ گاندھی ہاسپٹل پہنچ گئے اور ہڑتال کرنے والے جونیئر ڈاکٹرس سے ملاقات کی ۔ کورونا وائرس سے فوت ایک مریض کے رشتہ داروں نے کل رات جونیئر ڈاکٹرس پر حملہ کیا تھا۔ ہاسپٹل میں جونیئر ڈاکٹرس پر بڑھتے حملوں کی روک تھام میں حکومت کی ناکامی کے خلاف جونیئر ڈاکٹرس نے دھرنا منظم کیا۔ انہوں نے ہاسپٹل میں پیرا ملٹری فورسیس تعینات کرنے کی مانگ کی۔ احتجاج کے موقع پر پولیس کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ سیاسی قائدین کو پہنچنے کی اجازت نہیں تھی لیکن کانگریس کے قائد وی ہنمنت راو کسی طرح پولیس کو چکمہ دے کر احتجاج کے مقام تک پہنچ گئے ۔ پولیس نے انہیں گھیرلیا اور ڈاکٹرس کے پاس جانے سے روک دیا ۔ اس موقع پر احتجاجی جونیئر ڈاکٹرس نے پولیس کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ ہنمنت راؤ کو ملاقات کا موقع دیا جائے ۔ ہنمنت راؤ نے احتجاجی ڈاکٹرس سے خطاب کرتے ہوئے حملوں کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس پوچما ساگر پراجکٹ کے افتتاح کا وقت ہے لیکن انہوں نے آج تک گاندھی ہاسپٹل کا دورہ نہیں کیا ۔ ہنمنت راؤ نے ڈاکٹرس پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جونیئر ڈاکٹرس کی ہڑتال کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ پولیس نے کچھ دیر کے بعد ہنمنت راؤ کو وہاں سے روانہ کر دیا۔