نئی دہلی، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی دہلی کے کھیالا علاقے میں رہنے والی خاتون نے پولیس کی جپسی میں ایک بچے کو جنم دیا اور زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں ۔ مغربی دہلی کے ایک پولیس افسر نے جمعہ کے روز بتایا کہ شیواجی وہار میں واقع جنتا کالونی کی رہنے والی مینی اپنے شوہر سشیل کمار اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ گزشتہ رات تقریبا دس بجے کھیالا تھانہ کے رگھوویر نگر پولیس پوسٹ پہنچے اور بتایا کہ خاتون کو زچگی کا درد ہو رہا ہے اور اسے فوری طور پر اسپتال لے جانے کے لئے گاڑی مہیا کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مغربی وہار و میں اقع ایک نرسنگ ہوم میں لے جاتے وقت راستے میں خاتون نے جپسی میں ایک بچے کو جنم دیا ۔ پولیس نے اسپتال کے عملے کو فون کر کے بلایا جس کے بعد نرس نے زچہ اور بچہ دونوں کی جانچ کی ، دونوں صحت مند ہیں ۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ ہفتے لاک ڈاؤن کے درمیان قدوائی نگر میں ایک خاتون نے پولیس جپسی میں بچی کو جنم دیا تھا ۔ واضح ر ہے کہ دارالحکومت میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 200 سے زیادہ خواتین کو ہنگامی صورت حال میں مختلف علاقوں سے اسپتال پہنچا کر انسانیت کی مثال قائم کی ہے ۔