پولیس کے رویہ کے خلاف کانگریس قائدین کی آج گورنر سے ملاقات

   

امن و ضبط کے معاملہ میں مداخلت کرنے کی اپیل، کمشنر انجنی کمار کے رویہ پر تنقید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین کا ایک وفد گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کرتے ہوئے پولیس کے رویہ کے خلاف نمائندگی کرے گا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین شرکت کریں گے ۔ گورنر سے درخواست کی جائے گی کہ وہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی دفعہ 8 کے تحت تلنگانہ کی امن و ضبط کی صورتحال پر کارروائی کریں۔ کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کے رویہ کی شکایت کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائے گی ۔ گورنر نے صبح 11.30 بجے کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت دیا ہے ۔ واضح رہے کہ 28 ڈسمبر کو کانگریس کے 135 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں اے آئی سی سی کی اپیل پر ریالیوں کا اہتمام کیا گیا ۔ دیش بچاؤ دستور بچاؤ کے عنوان سے کانگریس نے گاندھی بھون تا ٹینک بنڈ ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اجازت کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو درخواست دی۔ اتم کمار ریڈی نے فون پر ڈائرکٹر جنرل پولیس سے بات کی۔ تاہم بعض ماتحت عہدیداروں نے ریالی کی اجازت نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے بیان جاری کردیا ۔ بھٹی وکرمارکا اور بعض دیگر قائدین نے دوسری مرتبہ ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کی اور امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ریالی کا راستہ تبدیل کرنے کا پیشکش کیا ۔ کانگریس قائدین نے تیقن دیا تھا کہ کسی نعرہ بازی کے بغیر ریالی منظم کی جائے گی ۔ اتم کمار ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب بھی روانہ کیا ۔ پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے پر کانگریس نے گاندھی بھون کے احاطہ میں ستیہ گرہ کا اہتمام کیا ۔ پولیس کی بھاری جمیعت کو گاندھی بھون کے روبرو تعینات کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو گاندھی بھون میں داخلہ سے روکنے کی کوشش کی گئی اور گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے گرفتاریوں اور کانگریس کارکنوں کو گاندھی بھون پہنچنے سے روکنے پر کمشنر انجنی کمار سے فون پر بات کرتے ہوئے اعتراض جتایا۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر پولیس نے اتم کمار ریڈی کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی جس پر برہم ہوکر اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انجنی کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پولیس کے رویہ کے خلاف گورنر سے شکایت کرتے ہوئے امن و ضبط کے معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی جائے گی ۔