پومپیو نے محمد بن سلمان ۔ نیتن یاہو ملاقات کی بحث دوبارہ چھیڑ دی

,

   

واشنگٹن: امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مبینہ ملاقات کی بحث کو دوبارہ چھیڑ دیا کہ دونوں ‘شاید ملے یا شاید نہیں ملے’۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی میڈیا نے رواں ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی سعودی عرب کے ایک چھوٹے سے علاقے نیوم میں ملاقات ہوئی تا کہ دیرینہ دشمنوں کے مابین تعلقات معمول پر لائے جائیں۔ سعودی عرب کی جانب سے اس ملاقات کی تردید کی گئی تھی تاہم اسرائیل کی جانب سے نہیں کی گئی۔ میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو بھی اس وقت نیوم میں موجود تھے اور انہوں نے اس ملاقات میں شرکت بھی کی۔ دوسری جانب 2 روز قبل امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے ایک انٹرویو میں اینکر نے مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا کہ اپنے دورے کے موقع پر بنجامن نیتن یاہو کی محمد بن سلمان سے ملاقات کی وضاحت کر کے اس بحث کا خاتمہ کریں۔