پونم پربھاکر نے لالہ گوڑہ کے گرلز اقامتی اسکول کا اچانک معائنہ کیا، بہتر سہولتوں اور غذا کیلئے عہدیداروں کو ہدایت

   

حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ و بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے سکندرآباد کے لالہ گوڑہ میں واقع مہاتما جیوتی با پھولے اقامتی اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے طالبات کو سال نو کی مبارکباد پیش کی اور اسکول کے مسائل اور سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں میں صحت بخش غذا کی فراہمی کیلئے حکومت نے ڈائیٹ چارٹ تیار کیا ہے جس پر عمل آور لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات اور انفرا اسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پونم پربھاکر نے طالبات سے کہا کہ ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات کی تیاری میں مشغول ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ تعلیمی سفر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہذا دونوں امتحانات میں امتیازی نشانات کے ساتھ کامیابی کی مساعی کریں۔ پونم پربھاکر کو طالبات نے اسکول کی ضرورتوں اور دیگر مسائل سے واقف کرایا جس پر ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ طالبات نے حکومت کی جانب سے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران اسکولس اور جونیر کالجس کی سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے۔1