نئی دہلی۔ 24 مئی (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کے پونچھ خطہ کے لوگوں کو سرحد پار گولہ باری اور ان کے گھروں کی تباہی کی وجہ سے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے قومی سطح پر ان کا مطالبہ اٹھائیں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ آج میں پونچھ میں پاکستانی گولہ باری میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں سے ملا۔ ٹوٹے ہوئے گھر، بکھرا ہوا سامان، نم آنکھیں اور ہر کونے میں اپنے عزیزوں کو کھونے کی دردناک کہانیاں، پونچھ خطے کے یہ محب وطن خاندان ہر بار جنگ کا سب سے بڑا بوجھ ہمت اور وقار کے ساتھ اٹھاتے ہیں۔ ان کی ہمت کو سلام۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ کنبوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ان کے مطالبات اور مسائل کو قومی سطح پر ضرور اٹھائیں گے ۔ کانگریس کے لیڈر نے اپنے ارکان کے ساتھ متاثرہ کنبوں کے گھروں کا بھی دورہ کیا، جنہیں فائرنگ میں بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لوگوں کے لئے بحران کا وقت ہے اور ہم اس میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
راہول گاندھی کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
نئی دہلی۔24مئی (ایجنسیز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی کیخلاف ہتک عزت کے مقدمہ میں جھارکھنڈ کی ایک عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے اور 26 جون کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔یہ مقدمہ 2018 میں بی جے پی لیڈر پرتاپ کٹیار نے دائر کیا اور الزام لگایا کہ راہول نے امیت شاہ کیخلاف قابلِ اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ اس شکایت کی بنیاد پر عدالت نے تازہ احکامات جاری کیے ہیں۔