مہلوکین کے ورثا کو 5 لاکھ امداد کا اعلان، دیگر کی تلاش جاری
پونے15جون ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا کے ماول تعلقہ کے کنڈمالا میں اندریانی ندی پر پل گرنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اتوار کی دوپہر کو پیش ائے حادثہ میں 30 سیاحوں کے بہہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا جبکہ4 کی موت کی اطلاع ہے۔ چیف منسٹر فڈنویس نے مہلوکین کے ورثا کیلئے فی کس 5 لاکھ مالی امداد کا اعلا ن کیا۔ یہ پل اچانک منہدم ہوگیا جس کے بعد متعدد افراد ندی میں بہہ گئے۔یہ کنڈمالا ماول تعلقہ کا ایک مشہور مقام ہے۔ مانسون کے دوران ہر روز بہت سے سیاح اس مقام کو دیکھنے آتے ہیں۔ کنڈمالا کو پار کرنے کیلئے یہاں اندریانی ندی پر ایک پل بنایا گیا ہے۔ یہ پل آج اچانک منہدم ہوگیا۔ پل گرنے سے کچھ سیاح ندی کے پانی میں ڈوب گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی سہ پہر تقریباً 3.30 بجے پیش آیا۔ اتوار ہونے کی وجہ سے یہاں سیاح بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پل منہدم ہونے کے وقت متعدد سیاح پل پر موجود تھے اور حادثہ کی وجہ سے متعدد سیاح ندی میں بہہ گئے۔ دریں اثنا پمپری۔چنچواڑ پولیس کمشنریٹ کی تلگاؤں دبھاڈے پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ سیاحوں کو نکالنے کا کام جنگی خطوط پر جاری ہے۔ پولیس کے مطابق 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانڈ فورس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر بچاؤ کام شروع کر دیا گیا۔ بارامتی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے پونے کے ضلع کلکٹر سے بات کی ہے اور حادثہ کے بعد راحت اور بچاؤ کاروائی کے علاوہ تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور میں دعا کرتی ہوں کہ تمام شہری محفوظ رہیں۔