پوچارم پراجکٹ کی بلندی بڑھانے کا مطالبہ

   

احتجاج کی تیاری کیلئے ناگی ریڈی پیٹ میں کسانوں کا مشاورتی اجلاس
یلاریڈی۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) حضور نظام کی دوران حکمرانی کا عظیم شاہکار منڈل ناگی ریڈی پیٹ کا پوچارم پراجکٹ اپنی صد سالہ عمر مکمل کرنے کے بعد بھی حکومتوں کی عدم توجہ و لاپرواہی کا شکار رہا ہے۔ جبکہ اس پراجکٹ کے تحت یلاریڈی ، ناگی ریڈی پیٹ منڈلوں کی ہزاروں ایکڑ فصلیں کاشت کی جاتی ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران ٹی آر ایس جماعت نے پراجکٹ کی اونچائی پانچ فیٹ بڑھاکر اسے ترقی دینے کا عوام سے وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہ ہوسکا۔ جس سے دونوں منڈلوں کے کسانوں نے جب جب اس کیلئے احتجاج بلند کرتے آرہے ہیں اور پھر بھی حکومت کی بے حسی کا سلسلہ جاری ہے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ مستقر پر دونوں منڈلوں کے کسانوں نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پراجکٹ کی اونچائی میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شدت کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر کسانوں کے قائد مسٹر نرسمہا ریڈی نے دونوں منڈلوں کے کسانوں کو متحد ہونے کا مشورہ دیا اور مزید کہا کہ دیگر پراجکٹوں کیلئے حکومت کثیر رقم منظور کررہی ہے لیکن پوچارم پراجکٹ سے متعلق سوتیلا سلوک برقرار ہے۔ پراجکٹ کی اونچائی میں اضافہ کے ساتھ بڑی کنال کا مکمل طریقہ سے دوبارہ ڈیزائن نہ کیا گیا تو مستقبل میں کسانوں کی ہزاروں ایکر زرعی اراضی بنجر میں تبدیل ہوجائے گی۔ اس لئے دونوں منڈلوں کے کسانوں کو عیر معمولی بیداری کا ثبوت دینے کا مشورہ دیا تاکہ حکومت کو اس طرف توجہ مبذول کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔ کیونکہ حکومت کو تو اپنا وعدہ یاد نہیں اچھے طریقہ سے یاد دلایا جانا نہایت ضروری ہے۔