پٹرول،ڈیزل ،پکوان گیس نہیں،متعدداشیاء کی قیمت میں بھی اضافہ

,

   

ایندھن کی قیمتوں میں متواتر دوسرے روز اضافے سے تمام اشیاء بالواسطہ مہنگی ہورہی ہیں، عوام پر معاشی مار

نئی دہلی : پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چہارشنبہ کو متواتر دوسرے روز اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ منگل کو قومی دارالحکومت میں پٹرول کی قیمت 96.21 لیٹر تھی جبکہ ڈیزل 87.47 لیٹر پر فروخت ہو رہا تھا۔ دہلی میں مسلسل دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی خوردہ قیمت میں 80، 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔دہلی میںآج ڈیزل کی قیمت 88.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پٹرول کی قیمت 97.01 فی لیٹر ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ رواں مالی سال کےآخری مہینے یعنی مارچ میں ہوا ہے۔ ایندھن کے علاوہ بعض دیگر اشیاء اور عام ضرورت کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔امول، مدر ڈیری اور پیراگ جیسی کوآپریٹو دودھ یونینوں نے اپنے دودھ کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔مدھیہ پردیش میں سانچی ملک کوآپریٹو فیڈریشن نے بھی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے لیکن سانچی برانڈ کے دودھ کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔کھانا پکانے والی گیس (یا ایل پی جی) کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔ گھریلو کھانا پکانے والی گیس (ایل پی جی سلنڈر کی قیمت) کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یعنی اب آپ کو ایک سلنڈر کیلئے 50 روپے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔تازہ ترین قیمت میں اضافے کے ساتھ، دہلی اور ممبئی میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 949.50 روپے ہو جائے گی جبکہ کولکاتا میں اس کی قیمت 976 تک پہنچ جائے گی۔ ساتھ ہی، چنئی میں کھانا پکانے کی گیس کیلئے 965.50 روپے اور لکھنو میں 987.50 روپے ادا کرنے ہوں گے۔کاروں اور دیگر گاڑیوں میں ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والی کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 8 مارچ سے دہلی میں سی این جی کی قیمت میں 50 پیسے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔این سی آر میں یہ اضافہ 1 روپے فی کلوگرام ہے۔آپ کو میگی نوڈلز کیلئے زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔میگی نوڈلز بنانے والی کمپنی نیسلے نے اس ماہ اس کی قیمت میں 2 روپے فی پیک اضافہ کیا ہے۔ میگی نوڈلز کا دوتھا پیک جو پہلے 12 روپے میں دستیاب تھا اب 14 روپے میں دستیاب ہوگا۔ بڑے پیک کیلئے صارفین کو اب 3 روپے مزید ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے ساتھ نیسکیف کلاسک، برو اور تاج محل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس: پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ، اپوزیشن کا بحث کا مطالبہ
دریں اثناء پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس (بجٹ سیشن 2022) کے دوسرے مرحلے میں مہنگائی اور پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ہنگامہ جاری رہا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے پٹرول،گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ کھرگے نے الزام لگایا کہ انتخابات کے بعد پٹرول، ڈیزل اور سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ہونا تھا ،اسے انتخابات کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ الیکشن ہو چکے ہیں اور قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔کانگریس کے ایم پی کے سی وینوگوپال نے راجیہ سبھا میں قوانین 267 کے تحت مہنگائی، ایندھن اور ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں کے معاملے پر بحث کیلئے معطلی کا نوٹس دیا ہے۔ ہنگامہ کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔