16 جولائی کو اجازت کیلئے کمشنر پولیس سے قائدین کی ملاقات
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) پٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی 16 جولائی کو چلو راج بھون احتجاجی پروگرام منظم کرے گی ۔ اس پروگرام کو پولیس کی اجازت کے لئے آج سینئر قائدین نے کمشنر حیدرآباد انجنی کمار سے ملاقات کی ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، نائب صدر ملو روی ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ ، صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی ، این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور دیگر قائدین نے انجنی کمار کو یادداشت پیش کی اور بتایا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن سے نمائندگی کیلئے چلو راج بھون پروگرام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ راج بھون روانگی سے قبل دھرنا چوک پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر شراون نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تلنگانہ میں احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر سے نمائندگی کا مقصد عوامی مشکلات کو مرکزی حکومت تک پہنچانا ہے ۔ احتجاجی پروگرام کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس سے تعاون کی اپیل کی گئی۔ انجن کمار یادو نے بتایا کہ صبح 10 بجے تا سہ پہر 3 بجے دھرنا چوک پر جلسہ عام سے سینئر قائدین کا خطاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی محاذی تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے ۔ جلسہ عام اور چلو راج بھون پروگرام میں بڑے پیمانہ پر شرکت کی اپیل کی گئی ۔