بیل بنڈی پرکارکنوں کے ساتھ ریالی۔اندرا پارک میںکئی قائدین کی گرفتاریاں
حیدرآباد۔12 ۔جولائی (سیاست نیوز) پٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے آج ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا گیا ۔ حیدرآباد میں اندرا پارک کے قریب ڈاکٹر گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، پونالہ لکشمیا اور فیروز خاں کی قیادت میں ریالی منظم کی گئی۔ پولیس نے ریالی کو آگے بڑھنے سے روک دیا اور تمام قائدین کو حراست میں لے لیا۔ بیل بنڈی پر کانگریس قائدین سوار تھے اور وہ اندرا گاندھی کے مجسمہ تک پہنچنا چاہتے تھے۔ گرفتاریوں کے موقع پر کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ کانگریس کارکنوں نے حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے ۔ قبل ازیں فیروز خاں کی قیادت میں سیکل ریالی منظم کی گئی تھی۔ گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے گیتا ریڈی اور پونالہ لکشمیا نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی کی ہدایت پر عوام دشمن فیصلوں کے خلاف ایجی ٹیشن جاری رہے گا ۔ مہیلہ کانگریس کی ریاستی صدر سنیتا راؤ اور دیگر مہیلہ کارکنوں کو ریالی منظم کرنے پر حراست میں لے کر بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ سابق رکن کونسل راملو نائک، پردیش کانگریس کے ترجمان نظام الدین اور گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے قائد عثمان محمد خاں کے علاوہ یوتھ کانگریس قائدین کو حراست میں لے لیا گیا۔ سنگا ریڈی میں پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی اور نائب صدر جی نرنجن کی قیادت میں ریا لی منظم کی گئی۔ سنگا ریڈی ضلع کانگریس کی صدر نرملہ جگا ریڈی ، کسم کمار ، سرینواس گوڑ ، انیل کمار اور دیگر قائدین نے اس میںحصہ لیا۔ رنگا ریڈی ضلع میں پارٹی کی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ کی قیادت میں ریالی منظم کی گئی ۔ سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ کھمم ضلع میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں احتجاجی ریالی منظم کی گئی ۔ کریم نگر میں سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے سیکل اور بیل بنڈی ریالی کی قیادت کی ۔ ملکاجگری ، سوریا پیٹ ، نظام آباد ، کاما ریڈی اور دیگر اضلاع میں بھی احتجاجی ریالیاں منظم کی گئیں۔