پٹرولیم کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی

   

رکن راجیہ سبھا دپیندر ہوڈا کا اعلان ، حیدرآباد میں کانگریس قائدین سے ملاقات
حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا دپیندر ہوڈا نے مہنگائی اور پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوںکے خلاف جدوجہد کا اعلان کیا۔ اے آئی سی سی کے پروگرام کے مطابق دپیندر ہوڈا نے حیدرآباد پہنچ کر پریس کانفرنس کی جس میں مہنگائی اور ملک کو درپیش دیگر مسائل کا احاطہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک بھر میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ یونٹ کو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف 16 جولائی کو چلو راج بھون پروگرام کی ہدایت دی گئی ہے ۔ دپیندر ہوڈا نے کہا کہ ملک کی معیشت زوال کا شکار ہے۔ کورونا وباء لاک ڈاون اور مودی حکومت کے ناعاقبت اندیش فیصلوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام مودی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ کر رہی ہے ۔ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر عائد کیا گیا ہے ۔ یو پی اے دور حکومت میں افراط زر کی شرح قابو میں تھی لیکن مودی حکومت نے عوام پر 25 لاکھ کروڑ کا بوجھ عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرولیم کی قیمت میں اضافہ باعث حیرت ہے۔ پکوان گیس کی قیمت عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے ۔ کورونا ٹیکہ اندازی کے نام پر بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں کی گئیں۔ ہر شخص کو ویکسین کا دعویٰ کھوکھلا ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دلی سے گلی تک کانگریس پارٹی مرکز کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ پریس کانفرنس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، محمد اظہر الدین ، محمد علی شبیر ، مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔