پٹرول۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف سائیکل سے اسمبلی پہنچے تیجسوی یادو

,

   

پٹرول۔ ڈیزل اور گھریلو گیس سلینڈروں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور مہنگائی کے خلاف میں اپوزیشن لیڈراور آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو سائیکل پر اسمبلی پہنچے۔ واضح ہو کہ ابھی بہار بجٹ کا اجلاس چل رہا ہے۔ اس سے قبل بھی پٹنہ کی سڑکوں پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کسان تحریک کی حمایت اور پٹرول ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ٹریکٹر چلاتے ہوئے اسمبلی مارچ کیا تھا۔ حالانکہ تب سیکوریٹی اہلکار نے ٹریکٹر کو اسمبلی احاطہ سے پہلے ہی روک دیا تھا۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران سابق نائب وزیر اعلی ، اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنماء تیجسوی یادو نے بہار میں نوکری اور روزگار کے معاملے پر مرکز کی مودی حکومت کے ساتھ ساتھ نتیش حکومت کوبھی گھیرا ہے۔ تیجسوی نے طنز کستے ہوئے لکھا ہے کہ کاٹھ کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی ۔ نوکری کے نام پر ایک کاٹھ کی ہانڈی مرکزی حکومت نے چڑھائی تھی ، 2 کروڑ نوکری ہر ایک سال والی، تب سے نوکری کے نام پر وہ پکوڑے تلوانے کی تجویز پیش کی۔ اب دوسری 20 لاکھ نوکری والی ہانڈی حکومت بہار نے چڑھائی ہے جس کے بعد سے نوکری لفظ ان کے لغت سے غائب ہے۔