پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف ’ چلو راج بھون ‘ احتجاج

   

سی پی آئی قائدین گرفتار، ڈاکٹر نارائنا بائیک پر راج بھون پہنچ گئے

حیدرآباد۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور مرکز کے نئے الیکٹریسٹی ترمیمی قانون کے خلاف سی پی آئی نے آج ’ چلو راج بھون ‘ پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نے مختلف مقامات پر سی پی آئی قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے احتجاجی پروگرام کو ناکام بنادیا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا پولیس سے بچ کر ٹو وہیلر پر راج بھون کیلئے روانہ ہوئے تھے تاہم راستہ میں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، اسٹیٹ سکریٹریٹ کے رکن وی ایس بوس اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ سکریٹری کے ٹی نرسمہا کو حمایت نگر میں احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے صبح سے ہی سی پی آئی کے دفتر اور قائدین کے مکانات کی نگرانی شروع کردی تھی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کار کے بجائے بائیک پر راج بھون پہونچنے کی کوشش کی اور وہ کسی طرح راج بھون تک پہنچ گئے جہاں پولیس نے انہیں فوری حراست میں لے لیا۔ نارائنا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکز اور ریاست پر الزام عائد کیا کہ وہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کررہے ہیں۔ سی پی آئی قائدین نے مرکز کے الیکٹریسٹی ترمیمی بل اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ سی پی آئی قائدین نے حمایت نگر میں احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ سی پی آئی قائدین نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کے سبب پہلے ہی پریشان ہیں ۔ لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے لیکن حکومت راحت پہنچانے کے بجائے عوام پر مسلسل بوجھ عائد کررہی ہے۔ سی پی آئی عوامی مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔