حکومت کرناٹک کے دعوے پر مرکزی حکومت کی وضاحت ۔ معائنہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق نہ ہونے کا شبہ
نئی دہلی، 7 نومبر (یو این آئی) کرناٹک حکومت کی جانب سے ای 20 ایندھن میں ایتھنول کی مقدار 20 فیصد سے زیادہ ہونے کے دعوؤں کو مرکز نے مسترد کرکے کہا کہ سرکاری تینوں تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے فراہم ای 20 ایندھن مقررہ معیار پر پورا اترتا ہے ۔ مرکزی وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس نے ایک پریس ریلیز میں کرناٹک حکومت کے اس دعوے پر ردعمل ظاہر کیا ، جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست کے بعض پٹرول پمپوں پر پٹرول میں ایتھنول کی مقدار 26 سے 31 فیصد تک ہے ۔ محکمہ نے اکتوبر کے نمونوں کی لیبارٹری جانچ کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیا تھا۔ وزارت کے مطابق، 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 893 نمونے مقررہ معیار کے مطابق پائے گئے ۔ کرناٹک میں جانچ کیے گئے تمام 56 نمونے بھی آئی ایس 17021 کے معیار پر پورا اترے ، جن میں ایتھنول کی مقدار 19 سے 20 فیصد کے درمیان تھی۔ وزارت نے کہا کہ کرناٹک میں اکتوبر میں کیے گئے ٹسٹ میں مقررہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ کہا گیا کہ سرکاری تیل کمپنیوں انڈین آئل کارپوریشن، بھارت پٹرولیم کارپوریشن اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن نے واضح کیا کہ یہ دعوے مقررہ قانونی اور تکنیکی طریقہ کار کے مطابق کی گئی جانچ سے مطابقت نہیں رکھتے ۔ وزارت نے کہا کہ ‘موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مارکیٹنگ ڈسپلن گائیڈلائنز میں نمونے لینے ، انہیں محفوظ رکھنے ، جانچ کرنے اور نتائج سے مطلع کرنے طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے ۔ وزارت کے مطابق، ستمبر میں لیے گئے نمونے ریاستی سطح کے رابطہ کار کے ذریعے مقررہ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی لیبارٹریوں میں بھیجے گئے تھے ، جہاں ضروری معیار کی جانچ کی گئی۔ اس کے برعکس اکتوبر میں نمونے لینے میں تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندے موجود نہیں تھے ۔ کمپنیوں نے ریاستی سطح کے رابطہ کار سے رابطہ کرکے ان نمونوں، ہر پٹرول پمپ کی تفصیلات اور لیبارٹری رپورٹ طلب کی تھی، لیکن انہیں یہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ وزارت نے بتایا کہ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نتائج کنٹرول آرڈر کے تحت مقررہ لیبارٹری میں جانچ کی بجائے تیسرے فریق کی لیبارٹری کے جاری سرٹیفکیٹس پر مبنی ہیں۔ ان سرٹیفکیٹس میں ایسی مکمل تکنیکی تفصیلات موجود نہیں ہیں، جن کی مدد سے ایتھنول کی بتائی گئی مقدار کی آزادانہ طور پر تصدیق کی جا سکے ۔ اس کے علاوہ متعلقہ نمونے اور ضروری دستاویزات دستیاب نہ ہونے کے باعث تیل کمپنیوں اور متعلقہ ڈیلروں کو نتائج کی تصدیق یا دوبارہ جانچ کرانے کا موقع بھی نہیں ملا۔ مرکز نے جانچ کی تکنیک اور رپورٹ کی قابل اعتماد حیثیت پر سوال کیا ۔ وزارت کے مطابق، گیس کرومیٹوگرافی ٹسٹ میں ای 20 کیلئے مقررہ طریقہ پر عمل نہیں کیا گیا۔ اسکے علاوہ کرناٹک کی رپورٹ درج ایندھن کی کثافت کی بنیاد پر بھی رپورٹ کی صداقت کو چیلنج کیا گیا ہے ۔