حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے علاقہ ہستیناپورم کے ایک ایچ پی پٹرول اسٹیشن میں پٹرول میں پانی کی ملاوٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہستینا پورم کے ایچ پی پٹرول پمپ پر صرف پاور پٹرول ہی فروخت کیا جارہا ہے اور عام پٹرول فروخت نہیں ہورہا ہے۔ مقامی افراد نے پٹرول اسٹیشن پہونچ کر پٹرول میں پانی کی ملاوٹ کی شکایت کی جس کی وجہ سے ان کی گاڑیاں خراب ہورہی ہیں۔ مقامی افراد نے پٹرول اسٹیشن کے مالک چندرشیکھر سے شکایت کی تو انھوں نے غیر مناسب رویہ اختیار کرتے ہوئے عوام کو نظرانداز کردیا۔ مقامی عوام نے پٹرول اسٹیشن کو سیل کرنے اور ان کی گاڑیاں جو پانی کے پٹرول کی وجہ سے خراب ہوئی ہیں معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ (ش)